سرسی،7؍ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے ضلع پنچایت انجینئرنگ شعبہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو اینٹی کرپشن بیورو کے افسران نے رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمین میں سے ایک کا نام یدو نندن اوردوسرا سبرامنیا ہے ۔ یدونندن انجینئرنگ شعبہ میں ایف ڈی اے ہے جبکہ سبرامنیا ٹھیکے کی بنیاد پر ملازمت کرتا ہے ۔ ان دونوں پر الزام ہے کہ شیموگہ کے ایک ٹھیکیدار سنیل کو واجب الادا 4 لاکھ روپوں کو بل جاری کرنے کے لئے انہوں نے اس سے 12 ہزار روپے بطور رشوت طلب کیے تھے ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ڈی وائی ایس پی ویریش کی قیادت میں اے سی بی کی ٹیم نے جال بچھایا اور رشوت کی رقم قبول کرتے دونوں کو وقت رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔
رشوت خور عملہ کی گرفتاری عمل میں آنے کے بعد عوام میں چہ میگوئیاں ہونے لگی ہیں کہ شاید رشوت خوری کے اس معاملے کے پیچھے اسسٹنٹ ایکزیکٹیو انجینئر کا ہاتھ ہوسکتا ہے ۔